خیبر پختونخوا حکومت نے کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں ضلع سوات کو دو الگ اضلاع میں تقسیم کرنے کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس کے بعد انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلی عمل میں آ گئی ہے۔
صوبائی محکمہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے قائم کیے گئے ضلع اپر (بر) سوات کا ہیڈ کوارٹر مٹہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ ضلع سوات کا انتظامی مرکز گل کدہ، تحصیل بابوزئی ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق ضلع اپر سوات میں مٹہ، بحرین اور خوازہ خیلہ کی تحصیلیں شامل ہوں گی جبکہ ضلع سوات میں بابوزئی، کبل، چارباغ اور بریکوٹ کی تحصیلوں کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سوات کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کا فیصلہ 19 دسمبر 2025 کو خیبر پختونخوا کابینہ کے 43ویں اجلاس میں کیا گیا تھا۔ اس فیصلے پر عمل درآمد کے بعد خیبر پختونخوا میں اضلاع کی مجموعی تعداد 40 ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس تقسیم کا مقصد انتظامی امور کو بہتر بنانا اور عوام کو سرکاری سہولیات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








