بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر گروگرام میں زیادتی کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ موبائل چھیننے والے کا تعاقب کرنے پر ملزم 23سالہ خاتون کو ساتھ لے گیا اور زیادتی کی کوشش کی۔
تفصیلات کے مطابق 23 سالہ خاتون مشہور پکنک اسپارٹ پر سیر کیلئے آئی تھی جسے لوٹنے سمیت دیگر الزامات پر پولیس نے کارروائی کی۔ ایک تقریب سے واپسی پر خاتون اپنے ایک مرد دوست کے ہمراہ سیر کیلئے رکی تھی جب یہ واقعہ پیش آیا۔
خاتون رئیل اسٹیٹ کمپنی میں کام کرتی ہے جو دوست کے ہمراہ گاڑی میں بیٹھی تھی اور اسی دوران 25سالہ ملزم آ کر دونوں کو ہراساں کرنے لگا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں نے آوازیں بلند کیں تو جھگڑا شروع ہوگیا۔
گرما گرم بحث کے دوران ملزم نے خاتون کا فون چھینا اور بھاگنے لگا۔ خاتون نے ملزم کا پیچھا کیا اور اسے روکا تو ملزم نے زبردستی خاتون کو اپنی کار میں گھسیٹ لیا اور جنگل کی جانب روانہ ہوگیا۔ خاتون کے دوست نے تھوڑی دور تک تعاقب کیا۔
بعد ازاں دوست نے پولیس کو رپورٹ کیا، جس کے بعد پولیس نے خاتون کے فون کی لوکیشن کا استعمال کرتے ہوئے پتہ چلایا کہ ملزم خاتون کو ایک ویران پہاڑی اور جنگلاتی علاقے میں لے گیا ہے۔
اتفاق سے اسی دوران ملزم کی گاڑی کا ایک پہیہ کیچڑ میں پھنس جانے کے باعث خاتون کو شور مچانے کا موقع مل گیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ خاتون مدد کیلئے چلائی تو ملزم گاڑی سے اتر کر فرار ہوگیا۔ اسی دوران پولیس نے خاتون کو ریسکیو کرلیا۔
بعد ازاں پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لے کر رجسٹریشن کی تفصیلات معلوم کیں تو ملزم تک پہنچنا آسان ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے ڈیٹا کا تجزیہ کیا تو تصدیق ہوئی کہ ملزم جرم کے وقت نشے میں تھا، تاہم ملزم نے تفتیش کے دوران ہی فرار ہونے کی کوشش کی۔
فرار ہونے کی کوشش میں ملزم گر کر زخمی ہوگیا۔ بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو ہسپتال میں داخل کرادیا گیا اور ڈسچارج ہونے پر اسے مقامی عدالت میں پیشی کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








