کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کے فور پروجیکٹ کے تحت یونیورسٹی روڈ پر پانی کی لائن بچھانے کا کام آج سے شروع ہونے کی اطلاع دی اور متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کے فور پروجیکٹ شہر کے طویل المدتی پانی کے مسائل کے حل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اور کراچی کے عوام کو صاف اور وافر پانی کی فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
منصوبے کے تحت یونیورسٹی روڈ پر عزیز بھٹی پارک سے اردو یونیورسٹی تک تعمیراتی کام جاری ہے، جس کے دوران صرف 300 میٹر کا حصہ بند کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کے لیے متبادل راستے فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ یہ حصہ مکمل ہونے کے فوری بعد سڑک کو بحال کر کے اگلا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔
عزیز بھٹی پارک سے حسن اسکوائر تک 9اعشاریہ 6 اور 7اعشاریہ 2 فٹ قطر کی پانی کی لائن بچھائی جا رہی ہے جو مستقبل میں شہر کی بڑھتی ہوئی پانی کی ضروریات کو پورا کرے گی۔
اس کے ساتھ ہی ریڈ لائن کا کام بھی جاری ہے اور لائن ایڈوانس میں بچھائی جا رہی ہے تاکہ روڈ کو دوبارہ کھودنے کی ضرورت نہ پڑے۔ یہ لائن بحریہ ٹاؤن میں بننے والے واٹر فلٹریشن پلانٹ سے گل بائی تک جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عزیز بھٹی پارک سے اردو یونیورسٹی تک روڈ بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے لہٰذا ٹریفک پولیس علاقے میں متبادل راستوں پر شہریوں کی رہنمائی کرے اور صبح و شام کے اوقات میں خصوصی انتظامات کیے جائیں۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کو عوامی سہولت کے لیے عملہ تعینات کرنے کی ہدایت دی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ متبادل راستوں پر سفر کرتے ہوئے انتظامیہ سے تعاون کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کام کے دوران شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات عارضی ہیں جبکہ منصوبے کے نتائج دیرپا اور شہر کے مستقبل کے لیے نہایت اہم ہوں گے۔
واٹر بورڈ کو ہر صورت مقررہ وقت کے مطابق منصوبہ مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں متعدد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں تاہم پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کراچی کو جدید اور سہولیات سے آراستہ شہر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








