موٹر سائیکل فیول سبسڈی، سندھ نے پیسے دینے کی میعاد 31مئی تک بڑھا دی

تازہ ترین

تازہ ترین

موٹر سائیکل
(فوٹو: آن لائن)

کراچی: سندھ حکومت نے پیپلز موٹر سائیکل فیول سبسڈی پروگرام میں 31 مئی تک توسیع کردی ہے۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے 2ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت منعقدہ صوبائی کابینہ کے اہم اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں، شہری سہولیات اور انتظامی اصلاحات سے متعلق متعدد بڑے فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی کہ اب تک 5 لاکھ 48 ہزار سے زائد افراد کو اس پروگرام سے فائدہ پہنچایا گیا ہے۔

کابینہ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ پیپلز موٹر سائیکل فیول سبسڈی پروگرام کے دوران 1 ہزار 96ارب روپے تقسیم ہوئے۔ ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل کیب سروسز کیلئے سیلز ٹیکس کی شرح 5فیصد سے کم کرکے 2فیصد تک لائی گئی ہے جس سے آن لائن ڈرائیورز ریلیف حاصل کرسکیں گے۔

صوبائی کابینہ نے کراچی میں سڑکوں کی بحالی کیلئے 6.5ارب روپے کی منظوری دی اور مرمت کا کام فوری شروع کرنے کیلئے فنڈز جلد جاری کرنے کا حکم دیا۔ اس دوران دریائے سندھ پر حیدر آباد اور کوٹری کے درمیان نئے پل کے ڈیزائن کی بھی منظوری دی گئی۔ توقع کی جارہی ہے کہ اس پل سے ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

Related Posts