شوہر کو یہ کبھی مت بتائیں، فضیلہ قیصر کے مشورے سے سوشل میڈیا پر ہنگامہ

تازہ ترین

تازہ ترین

فضیلہ قیصر
(فوٹو: اے آر وائی)

سینئر اداکارہ فضیلہ قیصر نے شادی شدہ خواتین کو یہ رائے دی ہے کہ وہ اپنی نجی اور ذاتی نوعیت کی تمام باتیں اپنے شوہروں کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے جس میں مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔

ایک نجی ٹی وی کے مارننگ پروگرام میں گفتگو کے دوران فضیلہ قیصر نے کہا کہ خواتین کو اپنی ہر ذاتی بات اپنے شریکِ حیات کو بتانے سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق بعض مرد ایسی باتوں کو ذہن میں محفوظ رکھتے ہیں اور بعد میں کسی جھگڑے یا اختلاف کی صورت میں انہیں طعنے دینے  کے طور پر استعمال کر لیتے ہیں۔

اپنے ذاتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے فضیلہ قیصر نے بتایا کہ انہوں نے ایک موقع پر اپنے شوہر کے ساتھ کچھ نجی باتیں شیئر کی تھیں، لیکن بعد میں انہی باتوں کو اختلاف کے دوران دوبارہ اٹھایا گیا۔ اس تجربے کے بعد ان کا یہ مؤقف مضبوط ہوا کہ ہر بات شریکِ حیات کے ساتھ بانٹنا ہمیشہ مناسب نہیں ہوتا۔

پروگرام کی میزبان ندا یاسر نے بھی اس گفتگو میں اتفاق کیا اور کہا کہ خواتین کو خاص طور پر اپنے میکے یا خاندانی معاملات کے بارے میں احتیاط برتنی چاہیے، کیونکہ بعض اوقات یہ معلومات بعد میں ان کے خلاف کمزوری یا دباؤ کے طور پر استعمال ہو سکتی ہیں۔

فضیلہ قیصر کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی مختلف رائے سامنے آ رہی ہے۔ کچھ لوگ ان کی بات سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے اسے عملی مشورہ قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ افراد کا کہنا ہے کہ اس طرح کی سوچ میاں بیوی کے درمیان اعتماد کو متاثر کر سکتی ہے۔

یاد رہے کہ فضیلہ قیصر  نے کم عمری میں پی ٹی وی سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا اور کئی معروف ڈراموں میں اپنی اداکاری کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کے مقبول ڈراموں میں دشت، کشش، مقدس، نظرِ بد، تیرے بن اور صرف تم شامل ہیں۔

Related Posts