گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی چھٹی ہونے والی ہے؟ سندھ ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کردیئے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی اس دوران عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 8 اکتوبر تک جواب طلب کر لیا۔

سماعت کے دوران بینچ کے سربراہ جسٹس عدنان الکریم میمن نے اہم قانونی نکتہ اٹھاتے ہوئے سوال کیا کہ آیا عدالت کو گورنر کو برطرف کرنے کا اختیار حاصل بھی ہے یا نہیں؟

درخواست گزار ایڈووکیٹ احمد علی گبول نے موقف اختیار کیا کہ صدر مملکت کو بھی اس مقدمے میں فریق بنایا گیا ہے لہٰذا عدالت انہیں ہدایات جاری کرنے کی مجاز ہے۔

جسٹس میمن نے مزید استفسار کیا کہ گورنر کو ہٹانے کی وجوہات کیا ہیں؟ جس پر درخواست گزار نے جواب دیا کہ گورنر سندھ غیر جانبدار حیثیت میں کام کرنے کے پابند ہیں مگر وہ کھل کر ایک مخصوص سیاسی جماعت کے حق میں سرگرم دکھائی دیتے ہیں جو ان کے منصب کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ گورنر چونکہ وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے اس لیے اس کا کردار مکمل طور پر غیر جانبدار ہونا چاہیے۔

عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد متعلقہ حکام سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

Related Posts