سندھ حکومت کا یوم آزادی پر خصوصی آزادی ٹرین چلانے کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

Sindh govt to run special Azaadi Train on Independence Day
representative image

کراچی: سندھ حکومت نے یوم آزادی کی مناسبت سے ایک خصوصی آزادی ٹرین چلانے کا اعلان کیا ہے جو 13 اگست کو کراچی سے روانہ ہو کر 14 اگست کی شام زیرو پوائنٹ تھرپارکر پہنچے گی۔

یہ فیصلہ صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ تھر ڈیزرٹ سفاری ٹرین کو یوم آزادی کے موقع پر آزادی ٹرین کے نام سے چلایا جائے گا۔

خصوصی آزادی ٹرین کراچی کینٹ اسٹیشن سے 13 اگست کو روانہ ہوگی اور حیدرآباد، میرپور خاص، عمرکوٹ سے ہوتی ہوئی چھور کینٹ عمرکوٹ پہنچے گی۔ اختتامی منزل زیرو پوائنٹ تھرپارکر ہوگی جہاں یہ ٹرین 14 اگست کی شام کو پہنچے گی۔

سید ذوالفقار علی شاہ کے مطابق آزادی ٹرین کے تمام اسٹیشنز پر عوام میں قومی پرچم تقسیم کیے جائیں گے تاکہ یوم آزادی کا جذبہ اور وطن سے محبت کا پیغام ہر طبقے تک پہنچایا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ اس موقع پر ایک رنگا رنگ موسیقی تقریب بھی منعقد کی جائے گی جس میں سول سوسائٹی، شوبز سے وابستہ شخصیات، سیاسی رہنما اور دیگر معزز افراد شریک ہوں گے۔

یہ اقدام سندھ حکومت کی طرف سے یوم آزادی کو جوش و خروش سے منانے، قومی یکجہتی کے فروغ اور ملک کی ثقافتی روایات کو اجاگر کرنے کی ایک اہم کاوش تصور کی جا رہی ہے۔

Related Posts