وانا: جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا بازار میں جمعرات کے روز ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں پولیس وین کو نشانہ بناتے ہوئے بم حملہ کیا گیاجس کے نتیجے میں دو شہری شہید جبکہ آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب پولیس کی وین معمول کی گشت پر موجود تھی۔
حملے میں شہید ہونے والے دونوں افراد کا تعلق مقامی آبادی سے تھاجبکہ زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور طبی عملے کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
حملے کی نوعیت، دھماکہ خیز مواد کی مقدار اور حملہ آوروں کے طریقہ واردات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوششیں ملک دشمن عناصر کی کارروائیاں ہیں جنہیں ناکام بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








