کراچی: محکمہ پولیس سندھ نے کراچی کے علاقے لیاری ٹاؤن میں پہلی خاتون ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) منیشا روپیتا کو تعینات کردیا۔
ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی 26 سالہ منیشا روپیتا سندھ پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرنے کے بعد سندھ پولیس میں ڈی ایس پی تعینات ہونے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔
منیشا روپیتا نے اپنی کامیابی پر کہا کہ میں نے اس مقام تک پہنچنے کیلئے بہت زیادہ محنت کری ہے، دن رات پڑھائی کری اور کچھ بھی نہیں کیا۔
خیال رہے کہ ڈی ایس پی منیشا روپیتا کو شاعری میں دلچسپی ہے اور وہ اپنی ڈی ایس پی ٹریننگ شروع کرنے اور پولیس فورس میں خدمات انجام دینے کے لیے بہت زیادہ پرجوش ہیں۔
علاوہ ازیں بطورِ ڈی ایس پی تعیناتی کے بعد منیشا روپیتا نے آج لیاری ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
ڈی ایس پی منیشا نے لیاری میں طالبات اور اساتذہ سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے تعلیم کی اہمیت اور معاشرے میں خواتین کے کردار پر لیکچر بھی دیا۔
سندھ پبلک سروس کمیشن کے 13 اپریل کو اعلان کردہ نتائج کے مطابق روپیٹا 152 کامیاب امیدواروں کی میرٹ لسٹ میں 16ویں نمبر پر رہی۔