سندھ حکومت نے عالمی ادارہ خوراک (ورلڈ فوڈ پروگرام) کے اشتراک سے مالی سال 2025-26 کے دوران ضلع ملیر میں ایک سالہ پائلٹ اسکول میلز پروجیکٹ کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر مجموعی طور پر 57 کروڑ 83 لاکھ 90 ہزار روپے خرچ کیے جائیں گے۔
اس منصوبے کا مقصد پرائمری سطح (پانچویں جماعت تک) کے 11 ہزار طلبہ کو روزانہ تازہ اور متوازن کھانا فراہم کرنا ہے، تاکہ بچوں کی تعلیمی حاضری، تعلیمی کارکردگی اور غذائیت کی صورتِ حال کو بہتر بنایا جا سکے۔
یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور عالمی ادارہ کی کنٹری ڈائریکٹر مس کوکو اُشی یاما کے درمیان وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں تفصیل سے زیرِ بحث آیا۔ اجلاس میں سندھ بھر میں جاری زچہ و بچہ کی صحت سے متعلق مشترکہ پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں دیگر اہم صوبائی افسران بھی شریک تھے جن میں وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واسف، چیئرمین پلاننگ و ڈیولپمنٹ بورڈ نجم شاہ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی، سیکریٹری سوشل پروٹیکشن مزمل ہالیپوٹو، اور سیکریٹری صحت ریحان بلوچ شامل تھے۔ عالمی ادارہ خوراک کے وفد میں صوبائی دفتر کی سربراہ ہلڈے برگسما اور پالیسی آفیسر سلمیٰ یعقوب شامل تھیں۔
مس اُشی یاما نے اجلاس کے شرکاء کو سندھ میں عالمی ادارہ خوراک کی موجودہ سرگرمیوں سے آگاہ کیا، خاص طور پر ماں اور بچے کی غذائیت سے متعلق حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بچوں میں کم قد اور وزن کی خرابی جیسے مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی مداخلتوں، مشروط نقد امداد اور غذائی سپلیمنٹ کی تقسیم جیسے اقدامات کا ذکر کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








