صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شاہراہ بھٹو کے افتتاح سے کچھ مقامات سے دھواں اٹھنا شروع ہوگیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسملبی میں خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو کے افتتاح کے موقع پر جہاں اس منصوبے کو عوامی سطح پر سراہا جانا چاہیے تھا، وہیں بعض حلقوں کی جانب سے اس پر منفی ردعمل سامنے آیا۔ ان کے مطابق کچھ مقامات سے دھواں اٹھنا شروع ہوا، اب معلوم نہیں یہ کس چیز کا دھواں تھا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی کو شاہراہ بھٹو کی صورت میں ایک اہم ترقیاتی تحفہ دیا ہے، جس نے نہ صرف فاصلوں کو کم کیا ہے بلکہ شہریوں کے وقت کی بھی بچت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سڑک کسی مخصوص جماعت یا طبقے کے لیے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ ایک ترقیاتی منصوبے پر بھی بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے منفی سیاست کی گئی اور حتیٰ کہ صوبوں کی تقسیم جیسے بیانات بھی سامنے آئے۔ ان کے مطابق ایسے بیانات نفرت کو ہوا دیتے ہیں جبکہ عوام کو کھوکھلے نعروں کے بجائے عملی ترقیاتی منصوبوں کی ضرورت ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت اس طرح کی تنقید کا جواب نفرت سے دینے کے بجائے ترقیاتی کاموں کے تسلسل پر توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








