راولپنڈی میں تھانے کی تعمیرِ نو کے فنڈز ہضم، بوسیدہ عمارت سے سانپ نکلنے لگے

تازہ ترین

تازہ ترین

راولپنڈی میں تھانے کی تعمیرِ نو کے فنڈز ہضم، بوسیدہ عمارت سے سانپ نکلنے لگے
راولپنڈی میں تھانے کی تعمیرِ نو کے فنڈز ہضم، بوسیدہ عمارت سے سانپ نکلنے لگے

راولپنڈی میں تھانے کی تعمیرِ نو کے فنڈز ہضم کر لیے گئے جبکہ تھانہ چونترہ پولیس اسٹیشن کی عمارت سے سانپ نکلنا شروع ہو گئے جن سے قیدیوں کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں، ایک سانپ نے قیدی کو ڈس لیا۔

تفصیلات کے مطابق  پنجاب کے تقریباً تمام تھانوں کی تعمیرِ نو ہو چکی ہے جب کہ ایسا پولیس اسٹیشنز کی عمارتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق بنانے کیلئے کیا گیا۔راولپنڈی کے تھانہ چونترہ پولیس اسٹیشن کی عمارت کیلئے بھی چونترہ پل کے قریب پولیس ریسٹ ہاؤس کی 10 کنال اراضی مختص کی گئی۔

متعدد بار نئی عمارت کےلیے مجوزہ جگہ کی محکمۂ مال کے ذریعے نشاندہی کروائی گئی اور فنڈز ریلیز ہونے اور کام شروع ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آتی رہیں، تاہم فنڈز ہضم کر لیے گئے۔تھانہ چونترہ کی  بوسیدہ اور خستہ حال عمارت کے پتھریلے کونے کھدروں سے سانپ نکلنے لگے۔

ایک  کوبرا سانپ نے تھانے میں موجود قیدی کو ڈس لیا جس کے باعث مذکورہ قیدی اس وقت موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہے۔بوسیدہ عمارت کو رنگ و روغن کر کے تمام فنڈ ہضم کر لیا گیا۔ چونترہ تھانے کے ملازم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ آئے روز تھانے کی پرانی عمارت سے سانپ نکلتے رہتے ہیں۔

گزشتہ رات بھی سانپ نے حوالات میں سوئے ہوئے قیدی پر حملہ کرتے ہوئے اسے ڈس لیا،  حوالاتی کے شور مچانے پر سانپ کو مار دیا گیا لیکن قیدی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔تھانے کے ملازمین انتہائی پریشان ہیں کہ تھانے کی پرانی بوسیدہ عمارت کسی وقت بھی زمین بوس ہو سکتی ہے۔

قیدیوں اور ملازمین نے حکام سے مطالبہ کیا کہ تھانہ چونترہ کی عمارت کو جلد از جلد تعمیر کیا جائے اور رنگ و روغن سے اس اہم ترین مسئلے کو دبانے یا چھپانے کی کوشش نہ کی جائے تاکہ آئندہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: آربی سی  میں گھوسٹ ملازمین کے نام پر لاکھوں کے گھپلے

Related Posts