کراچی: مشہور مال میں آٹزم کے شکار بچے پر پابندی نے سوشل میڈیا صارفین کو بھڑکا دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

Social media erupts in anger after Karachi Dolmen Mall doesn't let autistic child enter play area
ONLINE

کراچی کے مشہور شاپنگ مال میں پیش آنے والا ایک واقعہ سوشل میڈیا پر شدید غصے اور افسوس کا باعث بنا ہوا ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک خاتون کا دعویٰ ہے کہ مال کی انتظامیہ نے ان کے خصوصی ضروریات کے حامل 9 سالہ بیٹے کو پلے ایریا میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جس پر انہیں سخت رویے کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

خاتون نے بتایا کہ ان کا بیٹا آٹزم کا شکار ہے جبکہ پلے ایریا میں پانچ سال سے زائد عمر کے بچوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اسٹاف نے نہ صرف میرے ساتھ بدتمیزی کی بلکہ ٹکٹ کی رقم واپس کرنے سے بھی انکار کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کو بڑے پلے ایریا میں تنہا نہیں چھوڑ سکتیں تاکہ دوسرے بچوں کو تکلیف نہ ہو مگر اس کے باوجود انتظامیہ نے تعاون سے انکار کر دیا۔

 

اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے خاتون نے کہاکہ میرا بچہ وہاں ہنگامہ کرنے نہیں جا رہا تھا۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے درخواست کی کہ اس مسئلے کا نوٹس لیا جائے کیونکہ خصوصی بچوں کے لیے نہ مناسب پارکس موجود ہیں اور نہ ہی شاپنگ مالز میں معاونت فراہم کرنے والی سہولیات۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ہم اپنے بچوں کو یہاں نہیں لا سکتے، تو پھر جائیں کہاں؟

سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعے پر شدید ردعمل ظاہر کیا۔ ایک صارف نے لکھا، یا اللہ! اس بچے کو مکمل شفا عطا فرما۔ ایک اور نے کہا، دل ٹوٹ گیا، افسوس ناک۔ کسی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، یہ دیکھ کر دل بیٹھ جاتا ہے، میں معذرت خواہ ہوں کہ آپ کو یہ سب برداشت کرنا پڑا۔ ایک اور صارف نے کہا، یہ بہت دکھ کی بات ہے، بہت ناانصافی ہے۔

اداکارہ جویریہ سعود نے بھی اس واقعے پر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ وہ اکثر سوچتی ہیں کہ ہمارا معاشرہ کب اس سطح کی تعلیم اور آگاہی حاصل کرے گا جہاں آٹزم کے شکار بچوں کے مسائل اور ان کے والدین کی خاموش جدوجہد کو صحیح معنوں میں سمجھا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تکلیف دہ حقیقت ہے کہ بہت سے لوگ اب بھی ان بچوں کی مشکلات، ان کی طاقت اور ان کی مسلسل ضرورتِ رحم دلی کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ آٹزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر ایک ایسی حالت ہے جو انسان کی بات چیت اور دوسروں کے ساتھ میل جول کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے۔

Related Posts