سوشل میڈیا صارفین ہوشیار! پی ٹی اے نے اِس طرح کے مواد کیخلاف سخت کارروائی کی وارننگ جاری کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

پی ٹی اے، علامتی فوٹو

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عوام پر زور دیا ہے کہ سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال ایک مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اور وہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال کے دوران احتیاط اور ضبط کا مظاہرہ کریں۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی، نفرت انگیز، ہتک آمیز یا جھوٹے مواد کو شیئر کرنے یا فروغ دینے سے گریز کریں۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں، عدلیہ یا افراد کے خلاف گمراہ کن یا نقصان دہ مواد کا پھیلاؤ عوامی اعتماد کو مجروح کرتا ہے اور معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچاتا ہے۔ اس طرح کے طرزِ عمل سے معاشرے میں تقسیم اور کشیدگی بڑھتی ہے، جس کے سماجی استحکام پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

پی ٹی اے نے نشاندہی کی کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا غلط استعمال نہ صرف افراد اور اداروں کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ مجموعی ڈیجیٹل نظام کو بھی کمزور کرتا ہے۔

اتھارٹی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگرچہ آزادیِ اظہار ایک بنیادی حق ہے، تاہم اس کے ساتھ ذمہ داریاں بھی وابستہ ہیں اور اس کا استعمال قانونی اور اخلاقی حدود کے اندر رہ کر ہونا چاہیے۔

الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون (پیکا) 2016 کا حوالہ دیتے ہوئے پی ٹی اے نے خبردار کیا کہ غیر قانونی آن لائن سرگرمیاں قابلِ سزا جرم ہیں۔ اتھارٹی نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر غیر قانونی یا نقصان دہ مواد پھیلانے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

Related Posts