کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ،تعلیم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پوری دنیا آن لائن تعلیم کی جانب بڑھ رہی ہے۔
ملک میں تعلیم اور صحت کے نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، جن ممالک نے ان شعبوں پر توجہ دی ان ممالک نے ترقی کی، کورونا وائرس نے جیسے ہی پوری دنیا پر حملہ کیا تو نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ، کورونا کے پھیلائو کو روکنے اور بچوں کو کورونا سے بچانے کے لیئے تعلیمی ادارے بھی بند کردئے گئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ابھی بھی حتمی طور پر کوئی کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ کب تک دنیا اس وبا سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کیا۔
حنیدلاکھانی نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا چیلنج جس کا ہمیں سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہ یہ ہے کہ بچوں کو کورونا سے بھی بچانا ہے اوران کی تعلیم کو جاری رکھنے کے لیئے اقدامات بھی کرنے ہیں ، طلباء کی تعلیم کو جاری رکھنے کے لیئے پوری دنیا آن لائن اسٹڈی کی جانب جا رہی ہے ہمیں بھی اس حوالے سے کوئی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
اقرا ء یونیورسٹی اپنے طلباء کو آن لائن تعلیم دے رہی ہے اور پاکستان کی پہلی بڑی یونیورسٹی ہے جس میں پورے پاکستان سے طلباء آن لائن تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے جو حالات ہیں ایسے میں طلباء تعلیمی اداروں کی فیس دینے سے قاصر ہیں ایسے میں حکومت سمیت تمام اداروں کے مالکان طلباء کو ریلیف دیں ، آن لائن تعلیم دینے سے طلباء کے رواں تعلیمی سا ل اور سیمسٹرز ضائع نہیں ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں پوری قوم کو صرف تعلیم نہیں بلکہ دیگر شعبہ جات کو بھی متحد ہو کر مضبوط حکمت عملی کے ساتھ لیکر چلنا ہوگا۔
مزید پڑھیں:اضافی بلنگ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ، کے الیکٹرک کیخلاف شہریوں کا احتجاج
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








