کار حادثہ، ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کا بیٹا جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

رعنا انصار
(فوٹو: وی نیوز)

کراچی میں کار حادثہ جواں سال شاہ زیب کی جان لے گیا، ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کا بیٹاحادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن انڈر پاس کے نزدیک آج صبح پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کار سوار شاہ زیب سر پر لگنے والی جان لیوا چوٹ کے نتیجے میں جاں بحق جبکہ ان کا دوست زخمی ہوگیا ہے۔

وی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جب یہ حادثہ پیش آیا، متوفی شاہزیب گاڑی چلا رہا تھا جو فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں شاہ زیب کا دوست محمد الیاس زخمی ہوگیا ہے۔ شاہ زیب کے اہلِ خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا۔

سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ ضابطے کی کارروائی کے بعد شاہ زیب کی میت لواحقین کے حوالے کردی گئی ہے۔ متوفی شاہزیب متحدہ قومی موومنٹ کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کا بیٹا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی شاہزیب کار ڈرائیو کرتے ہوئے  اپنے دوست محمد الیاس کے ہمراہ بوٹ بیسن کے علاقے سے کلفٹن جارہا تھا جب گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی، اس دوران شاہ زیب کو سر پر لگنے والی چوٹ جان لیوا ثابت ہوئی۔

ماضی میں ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے شوہر اور سینئر صحافی انصار نقوی بھی ایک فضائی حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے تھے۔ بیٹے شاہ زیب کے انتقال کے بعد رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کی جانب سے کوئی بیان سامنےھ نہیں آسکا۔

Related Posts