ہنگو : خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں جمعہ کے روز ہونے والے دو مختلف دھماکوں میں سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) آپریشنز سمیت تین پولیس اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق پہلا دھماکہ غلمینہ چیک پوسٹ کے قریب نصب بم کے ذریعے کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک کمرہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ نامعلوم افراد نے دھماکا خیز مواد پہلے سے علاقے میں نصب کیا ہوا تھا۔
دوسرا دھماکہ ایس پی آپریشنز زبیر کی گاڑی کے قریب ہوا، جس میں وہ خود بھی موجود تھے۔ ابتدائی اطلاعات میں ایس پی زبیر سمیت متعدد اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی تھی، تاہم بعد ازاں اسپتال میں تصدیق کے بعد ایس پی زبیر اور دو اہلکاروں کی شہادت کی اطلاع دی گئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) نے شہادتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، علاقے میں مزید دھماکا خیز مواد کی موجودگی کے خدشے کے باعث سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تمام داخلی و خارجی راستے بند کر دیے ہیں۔
ہنگو میں حالیہ دنوں میں شدت پسند عناصر کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








