اسلام آباد کچہری میں خود کش حملے کے بعد پاکستان کے دورے پر موجود سری لنکن کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر واپس جانے کی درخواست کردی، تاہم وزیر داخلہ محسن نقوی کی یقین دہانی کے بعد ٹیم نے سیریز جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے سری لنکن ہائی کمشنر اور ٹیم منیجر سے ملاقات کی، جس میں سری لنکن کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی کی ضمانت دی گئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی ٹیموں کی سیکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دورہ پاکستان مکمل کریں، بصورتِ دیگر وطن واپس جانے والے کھلاڑیوں پر دو سال کی پابندی عائد کی جائے گی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ کل راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان ٹرائی سیریز بھی شیڈول ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








