بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی 61ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے، اس موقعے پر ساتھی فنکاروں نے آنجہانی فنکارہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ سری دیوی کا شمار بھارتی فلم نگری کی ان گنی چنی اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے جنہیں اپنی صلاحیتوں، محنت، اور قابلیت کے علاوہ فطری حسن کے باعث بے مثال شہرت ملی اور انتقال کے بعد بھی یہ شہرت کم نہیں ہوسکی۔
آنجہانی فنکارہ سری دیوی کی بیٹی اور بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے ماں کی 61ویں سالگرہ کے موقعے پر ترپاٹھی مندر پہنچ کر ماں کیلئے دعا کی اور ان کی صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

بھارتی اداکارہ سری دیوی نے 80 اور 90 کی دہائی میں بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کیا اور اس دوران چالباز، چاندنی، مسٹر انڈیا اور نگینا جیسی فلموں سے مداحوں میں مقبول ہو کر خوب داد سمیٹی۔سری دیوی کی ایکٹنگ، خوبصورتی اور صلاحیتوں کے مسلسل چرچے رہے۔
آگے چل کر اداکارہ سری دیوی نے 90 کی دہائی کے بعد صفِ اوّل کی ہیروئن کے طور پر تو اداکاری چھوڑ دی، تاہم موضوعاتی فلموں میں کام جاری رکھا جن میں 2012 کی انگلش ونگلش اور 2017 کی فلم مام کو اہمیت حاصل ہے۔ سری دیوی کے اچانک انتقال نے مداحوں کو افسردہ کردیا۔
سن 2017 تک فلم انڈسٹری میں متحرک رہنے والی سری دیوی 24 فروری 2018ء کو اچانک حرکتِ قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کرگئیں جبکہ یہ واقعہ ان کے وطن بھارت سے دور متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں پیش آیا۔ ان کے انتقال پر قتل کے الزامات بھی لگے، تاہم کچھ ثابت نہیں ہوسکا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








