کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر 13 اکتوبر 2025 کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، صبح کے ابتدائی لمحات میں دوران ٹریڈنگ 100 اندیکس میں 2 ہزار 972 پوائنٹس کمی دیکھی گئی۔
آج اب تک کے کاروبار کے دوران 100 انڈیکس ایک لاکھ 60 ہزار 57 تک کی نچلی سطح تک بھی گیا جبکہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 63 ہزار 98 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
مارکیٹ میں گاڑیوں کے اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، ریفائنریز اور پاور جنریشن سمیت کئی اہم شعبوں میں فروخت کے دباؤ کا رجحان دیکھا گیا۔
ماہرین معیشت کے مطابق فروخت کے دباؤ کی بنیادی وجہ ویک اینڈ پر ہونے والی جیوپولیٹیکل پیش رفت اور سرحد پار کشیدگی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ایکویٹی مارکیٹس بھی دباؤ کا شکار ہیں۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ دنوں میں سیاسی اور اقتصادی عوامل مارکیٹ کی سمت کا تعین کریں گے۔ سرمایہ کاروں کو محتاط رہنے اور بنیادی عوامل کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








