اسلام آباد :شہر اقتدارکی سب سے مصروف، اہم ترین اور حساس ترین شاہراہ ایکسپریس ہائی وے کی شاخ کری روڈ پر خطرناک گروہوں سے قبضہ نہ چھڑایا جا سکا۔
سی ڈی اے کے متعلقہ اور انتظامی افسران کو بار بار آگاہ کرنے اور شہریوں کی جانب سے مکمل حمایت ملنے کے باوجود وفاقی ترقیاتی ادارہ قبضہ مافیا پر ہاتھ ڈالنے سے قاصر ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں ہونے والے نام نہاد آپریشن میں قبضہ مافیا کی خبر دینے والے اخبار کے اسٹال کو ہی گرا کر مشن پورا کر لیا گیا تھا ،باقی تمام قابضین کو اپنی جگہ رہنے دیا گیا تھا۔
شہریوں کے بار بار اصرار اورمتعدد درخواستوں کے باوجود قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن نہیں کیا جا رہا، اس حوالے سے کچھ روز قبل متعلقہ افسران کوشہریوں کے تحفظات سمیت تمام حقائق اور خطرناک صورتحال سے آگاہ کیا گیامگر اس کے باوجود سی ڈی اے کی طرف سے اب تک پراسرار خاموشی سامنے آ رہی ہے۔
شہریوں نے متعلقہ افسران سے بار بار رابطہ کرنے کی کوشش بھی کی تاہم کوئی رسپانس نہ مل سکا، اس حوالے سے شہریوں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا ہے کہ قبضہ مافیا نے سرکاری زمین پر قبضہ کرکے اہلیان علاقہ کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ لوگ نہ صرف سنگین اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ہیں بلکہ کری روڈ سے خواتین اور بچوں کا گزرنا تک محال ہوگیا ہے۔
شہریوں نے ڈی سی اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر مذکورہ قبضہ مافیا سے زمین واگزار کرائی جائے اور سی ڈی اے کے ملوث اہلکاروں کو سزا دی جائے بصورت دیگر وہ شدید احتجاج پر مجبور ہو جائینگے۔