سابق وزیراعظم اور بانی تحریکِ انصاف عمران خان کی ہدایت پر خیبر پختونخوا (کے پی کے) میں کڑے احتساب کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔
نجی ٹی وی (جیو نیوز) کا ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہنا ہے کہ عمران خان کی ہدایت پر مشیر احتساب مصدق عباسی نے اینٹی کرپشن فورس ایکٹ تیارکرلیا، اینٹی کرپشن فورس میں تین ونگز ہوں گے اور فورس کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کریں گے،جس میں 10 سے زائد افراد کی بھرتی ہوگی۔
بھرتی کیے گئے افراد کو 4 ماہ کی ٹریننگ دی جائے گی جبکہ پراسیکیوشن کا ڈی جی کنٹریکٹ بنیادوں بھرتی کیا جائے گا۔ محکمہ اینٹی کرپشن بے نامی جائیدادوں کی تحقیقات کرسکے گا، عوام سے دھوکا دہی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے اختیارات بھی اینٹی کرپشن کو دے دئیے جائیں گے۔
عمران خان کی مبینہ ہدایات کے مطابق اینٹی کرپشن فورس میں نئی بھرتیاں کرکے ڈیوٹیشن عملے کو واپس بھیجا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ایکٹ کے تحت انویسٹی گیٹر6 ماہ میں انکوائری مکمل کرےگا، 6 ماہ میں انکوائری مکمل نہ ہونے پر ایک سال کا وقت دیاجائے گا اور ایک سال میں انکوائری مکمل نہ ہوئی تو بند ہوجائے گی۔
ادارے کو عدالتوں میں کیسز لڑنے کیلئے اپنے پراسیکیوٹر بھرتی کرنے کا ٹاسک دیا جائے گا۔ معلومات دینے والے شہری اور اچھی تحقیقات کرنے والے افسران کوانعامات دیے جائیں گے جب کہ غلط کیس بنانے والے اہلکاروں کو 3 سے 7 سال کی قید کی سزا دی جاسکے گی۔ مشیر احتساب کے پی کے نے تصدیق کردی۔
مشیر احتساب خیبرپختونخوا مصدق عباسی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین نے مجوزہ قانون کی منظوری دےدی ہے، اب اسکی جلدکابینہ سے منظوری لیں گے۔عمران خان کے وژن کے مطابق کرپشن کرنے والوں کو برداشت نہیں کریں گے، نئے قانون کے تحت کرپشن کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








