بھارتی ریاست تمل ناڈو کے ضلع رام ناتھ پورم میں خاتون پولیس افسر کی واش روم میں نازیبا ویڈیو بنانے کے معاملے پر حکام نے سینئر سب انسپکٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔ واقعے کی اطلاع خاتون افسر نے اعلیٰ حکام کو دی جس کے بعد موبائل فون ضبط کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ 17 جنوری کو پیش آیا جب وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن ضلع کے دورے پر تھے۔ اس دوران ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کے لیے عارضی طور پر ایک ٹوائلٹ قائم کیا گیا تھا۔ خاتون افسر نے ٹوائلٹ میں داخل ہونے پر موبائل فون دیکھا اور فوری طور پر اعلیٰ حکام کو اطلاع دی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ضبط شدہ موبائل فون میں کسی قسم کی ویڈیو ریکارڈنگ نہیں ملی لیکن معاملے میں ملوث سینئر سب انسپکٹر کو معطل کرکے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اعلیٰ پولیس حکام نے بتایا کہ مکمل تحقیقات کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔
اس واقعے نے ریاست میں سیاسی ہلچل پیدا کر دی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں اے آئی اے ڈی ایم کے اور بی جے پی نے حکومتی انتظامیہ پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ اگر پولیس افسران خواتین کے تحفظ کے ذمہ دار ہوں لیکن خود اس طرح کے اقدامات کریں تو یہ انتہائی تشویشناک ہے۔ اپوزیشن نے ریاست میں امن و امان قائم رکھنے میں حکومت کی ناکامی پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








