سندھ کے شہر سجاول کی سب جیل سے سنگین جرائم میں ملوث 3 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس نے سکیورٹی پر مامور تمام عملہ غفلت برتنے پر معطل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سب جیل میں سکیورٹی پر مامور عملے کی غفلت کے باعث 3 قیدی رفیق مینگل، ستار منگنہار اور بلاول چانڈیو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جس پر ایس ایس پی شہلا قریشی نے نوٹس لیتے ہوئے سخت ایکشن کا حکم دے دیا۔
تینوں خطرناک ملزمان مختلف جرائم میں ملوث ہیں جن میں چوری اور منشیات فروشی شامل ہیں۔ ایس ایس پی شہلا قریشی نے جیل کی سکیورٹی پر مامور تمام عملہ معطل کردیا۔ محکمہ جیل خانہ جات نے عملے کو غفلت برتنے پر معطل کیا ہے۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے قیدیوں کی تلاش جاری ہے۔ سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ تینوں ملزمان کے فرار کے دوران غفلت برتنے والے عملے کے خلاف کارروائی کریں گے۔ مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔
خیال رہے کہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت مختلف شہروں میں جرائم کی شرح بڑھ رہی ہے۔ آئے روز قتل و غارت، ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ اور لوٹ مار کے واقعات بڑھ رہے ہیں جس کے خلاف سندھ پولیس کے افسران متحرک ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








