اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے سندھ کی شوگر ملز کو 32 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کی صدارت کی جس کے دوران بریفنگ دی گئی کہ 2 ماہ میں چینی برآمد کی جاسکے گی۔ کمیٹی نے سندھ کی شوگر ملز کو کوٹے سے چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی۔
مہنگائی کی شرح 34 فیصد ہوگئی، 20 اشیائے ضروریہ مہنگی
اجلاس کے دوران وزارتِ ریلوے کیلئے 2.5ارب روپے کی اضافی گرانٹ جبکہ خزانہ ڈویژن کیلئے 250ارب کی ضمنی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دی گئی جو عملے کی تنخواہوں، پنشن، صوبائی اخراجات اور مستقبل کی ضروریات پر خرچ ہوں گی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارتِ ہاؤسنگ کیلئے 3 ارب 80 کروڑ، وزارتِ توانائی کو 1ارب 23 کروڑ جبکہ 16 ترقیاتی اسکیموں کیلئے 1 ارب 20کروڑ کی گرانٹ کی منظوریاں بھی دے دیں۔ رقوم کے ذریعے مختلف قسم کے اخراجات کیے جائیں گے۔
دریں اثناء ملک بھر میں حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح 34فیصد ریکارڈ کی گئی۔وفاقی ادارۂ شماریات کا کہنا ہے کہ کم از کم 20اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 12 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 19اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








