ملتان کی بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی انتظامیہ نے 2025 کی گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کا اعلان کردیا ہے۔
اس حوالے سے جاری سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 18 اگست کو منعقدہ ڈینز کمیٹی اور دیگر اراکین کی سفارشات کی روشنی میں تعطیلات 7 ستمبر 2025 تک بڑھا دی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی کے تمام ہاسٹل، جن میں طلبا اور طالبات کے ہاسٹل شامل ہیں، وہ بھی 7 ستمبر کو ہی کھولے جائیں گے۔
اس سے قبل پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے نئے اوقات کار کا اعلان کیا تھا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسکول 15 اگست کو تعطیلات کے بعد دوبارہ کھلنے تھے۔
نئے اوقات کے مطابق سنگل شفٹ اسکول پیر سے جمعرات تک صبح ساڑھے سات بجے سے دوپہر ایک بجے تک کھلیں گے، جبکہ جمعہ کے روز یہ وقت ساڑھے گیارہ بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
ڈبل شفٹ اسکولوں میں صبح کی کلاسز پیر سے جمعرات تک ساڑھے سات بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہوں گی اور جمعہ کو ساڑھے گیارہ بجے ختم ہوں گی۔
شام کی کلاسز پیر سے جمعرات تک دو بجے سے شام چھ بجے تک جاری رہیں گی، جبکہ جمعہ کو یہ وقت ڈھائی بجے سے ساڑھے پانچ بجے تک ہوگا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق نیا شیڈول موسم اور سہولیات کو مدِنظر رکھ کر بنایا گیا ہے تاکہ تعطیلات کے بعد تعلیمی سلسلے کو بہتر طریقے سے بحال کیا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








