کراچی: حکومت نے سندھ کے طلبہ کیلئے گرمی کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔ محکمہ تعلیم سندھ نے چھٹیوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا۔ چھٹیوں سے متعلق جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں یکم جون سے 31 جولائی 2024 تک اسکولوں کی چھٹیاں ہوں گی۔
محکمہ تعلیم سندھ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گرمیوں کی تعطیلات کے دوران یکم جون سے لے کر 31 جولائی تک تمام اسکولز اور کالجز بند رہیں گے جبکہ تعلیم کا دوبارہ آغاز یکم اگست 2024 سے ہوگا۔
جون اور جولائی کے دوران تمام نجی و سرکاری اسکولز اور کالجز بند رہیں گے۔ سندھ حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن سے قبل محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک بھر میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی تھی۔
شدید گرمی کے باعث اسکول کے بچوں کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آج بھی گرمی شدید رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نواب شاہ میں درجہ حرارت 47 ڈگری، دادو میں 44 ڈگری جبکہ سکھر میں 43ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
مٹھی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ کراچی کے ہمسایہ شہر حیدر آباد میں بھی درجہ حرارت 42 ڈگری کو چھو گیا۔ شدید گرمی کے دوران مختلف شہروں میں ہونے والی لوڈ شیڈنگ سے بھی شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








