لاہور: صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی دوبارہ گرفتاری کے خلاف سنی اتحاد کونسل نے پنجاب اسمبلی میں اہم اقدام اٹھاتے ہوئے تحریکِ التواء کار جمع کرادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی اسمبلی میں تحریک التواء کار سنی اتحاد کونسل رکن شیخ امتیاز نے جمع کروائی۔ تحریک کے متن میں کہا گیا کہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے خلاف بد ترین فسطائیت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے رکن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التواء کار میں کہا گیا کہ خواتین سے ظالمانہ سلوک کے باعث پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری کیلئے تیار نہیں ہوتا، اس معاملے پر بحث کی ضرورت ہے۔
تحریکِ التواء کار کے متن کے مطابق حکومت کی فسطائیت کے باعث پاکستان اور پنجاب کا نام بدنام بدنام ہورہا ہے۔ ایوان میں یہ معاملہ زیرِ بحث لایا جائے۔ تحریک جمع کرانے کا مقصد دونوں خواتین کی گرفتاری کی مذمت ہے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کو پولیس نے سرگودھا جیل کے باہر سے دوبارہ گرفتار کیا تھا، پولیس کے مطابق عالیہ حمزہ گوجرانوالہ پولیس کو 9 مئی کے مقدمے میں مطلوب تھیں۔
گزشتہ روز صنم جاوید کو بھی جیل سے رہائی کے بعد ہی گوجرانوالہ پولیس نے گرفتار کر لیا، دونوں رہنماؤں کی ضمانت انسدادِ دہشت گردی عدالت نے منظور کی تھی، جس کے بعد سنی اتحاد کونسل نے تحریک التواء کار جمع کرائی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








