سپر اسٹارک مجھے تم پر فخر ہے! لیجنڈری بالر وسیم اکرم کا آسٹریلوی باؤلر کو خراج تحسین

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

آسٹریلوی فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک تاریخی سنگ میل حاصل کرتے ہوئے پاکستان کے لیجنڈری بالر وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اسٹارک اب ٹیسٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر بن گئے ہیں۔

یہ کارنامہ اسٹارک نے انگلینڈ کے خلاف جاری ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران انجام دیا۔ پہلے ہی دن کی ابتدائی گیندوں سے اسٹارک نے انگلش بیٹسمینوں کو پریشان کر دیا اور ہیری بروک کو آؤٹ کر کے تاریخی ریکارڈ اپنے نام کیا۔

وسیم اکرم نے 104 ٹیسٹ میچز میں 414 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ اسٹارک نے یہ سنگ میل صرف 101 میچز میں عبور کیا جس سے ان کی فاسٹ باؤلنگ کی مہارت اور تسلسل واضح ہوتا ہے۔ اسٹارک کی اس کارکردگی نے نہ صرف پہلی اننگ میں 6 وکٹیں شامل کیں بلکہ ریکارڈ کی تیسری وکٹ کے ساتھ ہی وہ لیجنڈری باؤلر کے نمبر پر آگئے۔

دوسرے معروف لیفٹ آرم باؤلرز کی بات کی جائے تو چمندا واس 355 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، ٹرینٹ بولٹ 317 وکٹوں کے ساتھ چوتھے اور مچل جانسن 313 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔

اسٹارک کی اس شاندار کامیابی پر وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ سپر اسٹارک میں تم پر فخر کرتا ہوں۔ تمہاری محنت نے تمہیں غیر معمولی بنایا ہے اور یہ صرف وقت کی بات تھی کہ تم میرا ریکارڈ توڑ دو۔

وسیم اکرم نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے پیغام میں کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ یہ ریکارڈ تمہیں سونپ رہا ہوں۔ اچھا کھیلو اور اپنے شاندار کیریئر میں نئی بلندیوں کو چھوتے رہو۔

یہ ریکارڈ اسٹارک کی محنت، ٹیلنٹ اور مستقل مزاجی کا ثبوت ہے اور ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ان کے نام ایک اہم اضافہ ہے۔

Related Posts