عام طور پر کراچی جیسے شہروں میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر کی جانے والی تنقید کے برعکس ایک نئی بین الاقوامی رینکنگ میں حیران کن نتیجہ سامنے آیا ہے، یہ بات ناقابل یقین حد تک سچ ہے کہ صارفین کے ریویوز کی بنیاد پر ہنگری کا شہر بڈاپسٹ دنیا کا “سب سے گندا شہر” قرار پایا ہے، جبکہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی ٹاپ ٹین میں بھی شامل نہیں ہے۔
یہ عالمی درجہ بندی سیلف اسٹوریج کمپنی Radical Storage نے تیار کی، جس میں عوامی تاثرات کا تجزیہ کرکے دنیا بھر کے شہروں کی صفائی کے معیار کا جائزہ لیا گیا۔
رینکنگ کیسے کی گئی؟
کمپنی نے اپنی تحقیق کے لیے یورومانیٹر کی جانب سے تیار کردہ ٹاپ 100 شہروں کی فہرست کو بنیاد بنایا۔ اس کے بعد گزشتہ ایک سال میں آن لائن پوسٹ کیے گئے تقریباً 70 ہزار حقیقی صارفین کے ریویوز کا تفصیلی مطالعہ کیا گیا۔ ان ریویوز میں “clean” اور “dirty” جیسے الفاظ کی تلاش کے ذریعے صفائی، آلودگی اور صفائی کے انتظامات کے بارے میں لوگوں کے اطمینان یا عدم اطمینان کا جائزہ لیا گیا۔ وہ شہر جن کے متعلق 100 سے کم متعلقہ ریویوز دستیاب تھے انہیں فہرست سے نکال دیا گیا۔
یورپ ’سب سے گندے شہروں‘ کی فہرست میں شامل
تجزیے میں معلوم ہوا کہ بہت سے بڑے یورپی سیاحتی اور ثقافتی شہر ناقص صفائی، گندگی اور صفائی کے انتظامات کی کمی کے باعث اس فہرست میں نمایاں مقام پر آئے:
-
اس تحقیق کے دوران یورپی ملک ہنگری کا دارالحکومت بڈاپسٹ دنیا کا سب سے گندا شہر قرار پایا، جہاں 37.9% ریویوز صفائی کے حوالے سے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔
-
اٹلی کا شہر روم 35.7% منفی ریویوز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
درجہ بندی کچھ یوں رہی:
پہلا نمبر بڈاپسٹ، ہنگری
دوسرا نمبر روم، اٹلی
تیسرا نمبر لاس ویگاس، امریکا
چوتھا نمبر فلورنس، اٹلی
پانچواں نمبر پیرس، فرانس
چھٹا نمبر میلان، اٹلی
ساتواں نمبر ویروونا، اٹلی
آٹھواں نمبر فرینکفرٹ، جرمنی
نواں نمبر برسلز، بیلجیم
دسواں نمبر قاہرہ، مصر
اگرچہ رپورٹ میں کراچی کو پاکستان کا سب سے گندا شہر قرار دیا گیا ہے، لیکن یہ دنیا کے ٹاپ 10 گندے شہروں میں شامل نہیں ہوا۔
دنیا کے صاف ترین شہر
دوسری جانب رینکنگ میں اُن شہروں کی بھی نشاندہی کی گئی جو صفائی کے اعلیٰ ترین معیار پر پورے اترتے ہیں:
-
کراکو، پولینڈ دنیا کا صاف ترین شہر قرار پایا
-
شارجہ، متحدہ عرب امارات دوسرے نمبر پر
-
سنگاپور تیسرے نمبر پر
دیگر صاف ترین شہروں میں وارسا (چوتھا)، دوحہ (پانچواں)، ریاض (چھٹا)، پراگ (ساتواں)، مسقط (آٹھواں)، دبئی (نواں) اور فُکُواکا، جاپان (دسواں) شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








