لاہور میں خاتون پر تشدد اور زیادتی کا ملزم موبائل مکینک نکلا۔ ملزم نے 2 ہفتے قبل موبائل کی مرمت کروانے والی خاتون کی ریکی شروع کردی تھی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں ایک موبائل مکینک نے خاتون کومبینہ تشدد اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون ایک کلینک پر نرس کے کام کے سلسلے میں آتی جاتی تھی جسے ملزم نے گھر واپسی سے قبل اغوا کرلیا۔
پنجاب پولیس کے مطابق خاتون کو چونگی اسٹاپ سے اغوا کرنے کے بعد ملزم ایک فلیٹ میں لے گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزم نے خاتون کے ساتھ نہ صرف زیادتی کی بلکہ اس کے بارے میں کسی کو بتانے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتا رہا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے 2 ہفتے قبل ملزم سے اپنے موبائل کی مرمت کروائی تھی، ملزم نے اس کے بعد سے خاتون کی ریکی شروع کردی۔ مدعیہ کی درخواست وصول ہونے پر پولیس نے ملزم کو شامی پارک کے علاقے سے گرفتار کرلیا۔ ملزم کی شناخت عثمان کے نام سے ہوئی۔
خدشہ ہے کہ موبائل مکینک کے طور پر ملزم نے خاتون کے موبائل سے حساس معلومات بھی چوری کیں جنہیں ریکی کیلئے استعمال کیا گیا۔ حکام کے مطابق پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش کیلئے کیس کو جینڈر سیل کے حوالے کردیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








