وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نسٹ یونیورسٹی کے قریب تیندوے کی چہل قدمی کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق شہر اقتدار میں نسٹ یونیورسٹی کے قریب تیندوا دیکھے جانے پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کرلیا۔ واقعے کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
لگتا ہے مسٹر تیندوے کو صرف پڑھنے لکھنے کا ہی نہیں بلکہ عمرانی اور ٹیکنالوجی علوم دونوں کا شوق ہے۔
تبھی پہلے اسلامک یونیورسٹی کے فیصل مسجد کے ساتھ واقع کیمپس میں اور اب نسٹ یونیورسٹی میں دکھائی دیا ہے۔
A leopard has been spotted roaming around NUST in Islamabad. Earlier, another… pic.twitter.com/g0lMn6L3Az— Shahid Abbasi (@ShahidabbasiPk) March 25, 2026
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (آئی ڈبلیو ایم بی) کا کہنا ہے کہ شہریوں اور جنگلی جانور کی حفاظت کیلئے ٹریپ کیچ لگا دیا گیا ہے۔ بورڈ کی ریسکیو ٹیمیں بھی متحرک ہیں۔ سیکٹر ایچ ٹین اور ایچ 12میں تیندوے کی نقل و حرکت کی نگرانی کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ تیندوے کے اسلام آباد جیسے شہری علاقوں میں دیکھے جانے کی سب سے اہم وجہ شہر کے اردگرد موجود پہاڑی اور جنگلاتی علاقے ہیں جو تیندوے کی قدرتی پناہ گاہ ہیں۔ موسم گرما میں خوراک کی کمی یا شکار کی تلاش میں یہ جنگلی جانور انسانی آبادیوں کے قریب آ جاتے ہیں۔
تشویشناک طور پر شہر اقتدار میں ہاؤسنگ سوسائٹیز اور یونیورسٹی کیمپس اکثر پہاڑوں اور جنگلات کے کنارے واقع ہیں، اس لیے تیندوے یہاں آسانی سے دکھائی دے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں، شہری علاقوں میں کچرے اور پالتو جانوروں کی موجودگی بھی تیندوے کو راغب کر سکتی ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر شہری تیندوا دیکھ لیں تو مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اپنی جان بچائی جاسکتی ہے اور تیندوے کو اپنی جانب متوجہ ہونے سے روکا جاسکتا ہے۔
جنگلی جانور کو دیکھتے ہی اسے قریب نہ جائیں اور فوری طور پر مقامی وائلڈ لائف اتھارٹی کو اطلاع دیں۔ رات کے وقت پہاڑی یا ویران علاقوں میں اکیلے جانے سے گریز کریں۔ پالتو جانوروں کو باہر آزاد نہ چھوڑیں تاکہ وہ تیندوے کو متوجہ نہ کریں۔
بچوں اور بڑوں کو تیندوے کی ممکنہ موجودگی کے بارے میں آگاہ کریں اور اسکول یا کالج انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔ اگر تیندوا قریب آ جائے تو شور مچائیں اور آہستہ آہستہ پیچھے ہٹیں، دوڑ کر بھاگنے کی کوشش نہ کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








