پاکستان علماء کونسل نے 12 ربیع الاول کے موقع پر مستونگ اور ہنگو میں دہشتگردانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم اور بے گناہ لوگوں پر حملے کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔ جن کا مقصد پاکستان میں بدامنی پھیلانا ہے۔
12 ربیع الاول کے مقدس موقع پر معصوم اور نہتے مسلمانوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے والوں کا کوئی مذہب نہیں، وہ انسانیت کے دشمن ہیں۔ بھارت عالمی دہشت گرد تنظیموں کو ڈالر دے کر پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
دہشت گردوں و سہولت کاروں کو ان کے بلوں سے نکال کر ماریں گے، وزیر داخلہ
ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی، مولانا رفیق جامی، علامہ طاہر الحسن، پیر اسد اللہ فاروق، مولانا اسلم صدیقی، قاری عصمت اللہ معاویہ و دیگر نے کیا۔
علامہ طاہر اشرفی نے مزید کہا ہے کہ ہمارا ازلی دشمن جو ہر وقت پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے رہتا ہے، ایسے دہشتگردی کے واقعات کروا کر ہماری اور دنیا کی توجہ اپنے اندرونی اور بیرونی مسائل سے ہٹانا چاہتا ہے۔ بھارت ہی عالمی دہشت گرد تنظیموں کو ڈالر دے کر پاکستان میں بدامنی کرانے کی سازشوں میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنا یہ گھناؤنا کھیل صرف پاکستان کیخلاف ہی نہیں کھیل رہا بلکہ اس کی ان سازشوں سے کینیڈا بھی محفوظ نہیں رہا، حال میں ہی کینیڈا میں سکھ رہنماؤں کو قتل کرنے میں مودی سرکار اور را براہ راست ملوث پائے گئے ہیں، جس کی وجہ سے اس وقت بھارت دنیا میں ایک دہشتگرد ریاست کے طور پر جانی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک طویل عرصے سے بھارت کی ایسی گھناؤنی سازش کا شکار ہے، بلوچستان کے اندر دہشتگردی کروانے کے ناقابل تردید ثبوت پاکستان پہلے بھی دنیا کو دیکھا چکا ہے، کلبوشن یادیو رنگے ہاتھوں بلوچستان میں دہشتگردی کرتے ہوئے پکڑا جا چکا ہے۔ اور آج بھی بھارت پاکستان میں دہشتگردی کیلئے عالمی دہشت گرد تنظیموں کو استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان، سلامتی کے ادارے، سیاسی و مذہبی قائدین اور عوام الناس دشمن کی اس سازش کا مقابلہ کر رہے ہیں اور اسے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








