سابق چیئرمین نادرا طارق ملک کو عالمی سطح پر بڑا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ اوکٹا کی جانب سے انہیں دنیا کے 25 نمایاں شناختی رہنماؤں میں شامل کیا گیا ہے۔ اوکٹا ایک معروف کلاؤڈ بیسڈ شناختی اور رسائی کے انتظام کا پلیٹ فارم ہے۔
اوکٹا کے مطابق ان شخصیات کا انتخاب ان کی سافٹ ویئر انوویشن میں خدمات، عالمی ڈیجیٹل معیارات کی بہتری اور محفوظ ڈیجیٹل نظاموں کی تشکیل میں کردار کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جنہوں نے دنیا بھر میں ڈیجیٹل لین دین کو زیادہ آسان اور محفوظ بنایا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آج کے دور میں یہ ماہرین ایسے نئے چیلنجز سے بھی نمٹ رہے ہیں جو مصنوعی ذہانت سے جڑے ہوئے ہیں، جیسے خودکار AI سسٹمز کی شناخت کی تصدیق اور AI کے ذریعے ہونے والے جدید فراڈ سے نمٹنا، جو بایومیٹرک سیکیورٹی کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔
اوکٹا کی رپورٹ “2026 دی آئیڈنٹیٹی 25” میں بتایا گیا ہے کہ طارق ملک نے 25 سال سے زائد عرصے تک مختلف حکومتوں اور عالمی اداروں کو ڈیجیٹل شناخت اور شہری رجسٹریشن کے نظام پر مشاورت دی، جس کا مقصد شمولیت، شفافیت اور معاشی ترقی کو فروغ دینا رہا۔
نادرا میں اپنے دورِ قیادت کے دوران انہوں نے دنیا کی سب سے بڑی بایومیٹرک رجسٹریشن مہمات میں سے ایک کی نگرانی کی، جس کے تحت 14 کروڑ 50 لاکھ سے زائد شہریوں کا اندراج کیا گیا۔ یہ نظام بعد میں سماجی تحفظ کے مختلف پروگراموں میں بھی مددگار ثابت ہوا، خاص طور پر خواتین، بے گھر افراد اور انسدادِ بدعنوانی کے اقدامات میں۔
طارق ملک نے 2023 میں نادرا کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیا تھا، اور وہ اس عہدے پر دو بار خدمات انجام دے چکے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








