ہالی ووڈ کی نامور اداکارہ اور گلوکارہ سیلینا گومز اپنی شادی کے موقع پر اس وقت آبدیدہ ہو گئیں جب ان کی قریبی دوست اور معروف پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ نے تقریب میں جذباتی انداز میں ان کی دوستی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سیلینا گومز نے حال ہی میں ریکارڈ پروڈیوسر بینی بلانکو سے شادی کی جس کی تقریب کیلیفورنیا میں منعقد ہوئی۔
ٹیلر سوئفٹ اور سیلینا گومز کی دوستی کا رشتہ سولہ سال سے زیادہ پرانا ہے اور شادی کی تقریب میں دونوں کی یہ دیرینہ قربت سب کے سامنے نمایاں ہوئی۔
تقریب میں موجود ذرائع کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے اپنی تقریر میں بتایا کہ وہ اور سیلینا ایک دوسرے کے ساتھ پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی کے مشکل لمحات سے گزرتی رہی ہیں۔ جب بھی کسی کے رشتے ٹوٹے یا دل شکستہ ہوا تو وہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑی رہیں۔
ٹیلر سوئفٹ نے کہا کہ جب سیلینا نے یہ سمجھ لیا کہ وہ اپنی ذات کے ساتھ خوش ہے اور اپنی شخصیت پر توجہ دینے لگی، تب ہی اس نے بینی بلانکو سے سچی محبت محسوس کی۔
کپور ہاؤس میں خوشیوں کی گونج! سونم کپور پھر ماں بننے والی ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ سیلینا اور بینی ایک بہترین جوڑی ہیں اور آج وہ اپنی دوست کو اپنی زندگی کے سب سے خوش کن لمحے میں دیکھ رہی ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ نے خود کو سیلینا کی بڑی بہن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ اس کے ساتھ رہیں گی۔
تقریب کے اختتام پر انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگرچہ سیلینا شادی کے بندھن میں ان سے پہلے بندھ گئی ہے، لیکن خوشی اس بات کی ہے کہ دونوں کو اپنی زندگی کی اصل محبت مل گئی ہے۔
یاد رہے کہ ٹیلر سوئفٹ نے رواں برس اگست میں این ایف ایل اسٹار ٹریوس کیلسی سے منگنی کا اعلان کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








