امریکی فٹبال اسٹار ٹریوس کیلسی نے اپنی منگیتر اور عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے ساتھ تعلقات کے بارے میں دل کی باتیں کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ان کی محبت نے انہیں ایک بہتر انسان بنا دیا ہے۔
حال ہی میں ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ٹیلر سوئفٹ نے ان کی زندگی میں جوش، خوشی اور نیا مقصد شامل کیا ہے جس نے ان کی شخصیت کو نکھارا ہے۔
کیلسی نے فاکس اسپورٹس کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلر نے مجھے ایک بہتر شخص بنایا ہے اور مجھے اپنی ذات میں مزید پُراعتماد کر دیا ہے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب چند ہفتے قبل دونوں کی رومانوی اور پھولوں سے سجی پروپوزل کی تصاویر دنیا بھر میں وائرل ہوئیں اور ان کی منگنی کی خبر نے مداحوں کو خوش کر دیا۔
26 اگست کو دونوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر منگنی کی تصاویر شیئر کی تھیں، جن میں جذباتی لمحات کو قید کیا گیا تھا۔ کیلسی نے اس موقع کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پروپوزل کے وقت ان کے ہاتھ کانپ رہے تھے اور جذبات پر قابو پانا مشکل ہو رہا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ میں ایک جذباتی آدمی ہوں، اس لیے کچھ آنسو بھی نکل آئے۔
ان کی محبت کی کہانی اس وقت توجہ کا مرکز بنی جب ٹیلر سوئفٹ پچھلے سال کینساس سٹی چیفس کے میچز میں دیکھی گئیں، جہاں انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں ٹریوس کو سپورٹ کیا۔ یہ رشتہ رفتہ رفتہ اس مقام پر پہنچا کہ آج اسے کھیل اور موسیقی کی دنیا کو جوڑنے والی سب سے دلچسپ کہانی کہا جا رہا ہے۔
دونوں اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کے باوجود ایک دوسرے کے لیے وقت نکالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایک طرف کیلسی نئے سیزن کی تیاریوں میں مصروف ہیں تو دوسری طرف ٹیلر سوئفٹ اپنے ریکارڈ توڑ ٹور جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن ٹریوس کے مطابق ان کی سب سے بڑی کامیابی یہی رشتہ ہے۔
انہوں نے گفتگو کے اختتام پر کہا کہ میں کبھی اتنا خوش نہیں رہا جتنا آج ہوں اور ٹیلر میرے لیے سب کچھ ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








