پنجاب کے ضلع سرگودھا میں مبینہ طور پر سبق یاد نہ کرنے پر ٹیچر کے تشدد سے نویں جماعت کا کمسن طالبِ علم جاں بحق ہوگیا ہے۔
ایک میڈیا رپورٹ (جیو) کے مطابق اسکول ٹیچر نے نجی اسکول کے ہاسٹل میں رہنے والے کمسن طالبِ علم سمیع اللہ کو سبق یاد نہ کرنے کے باعث چھڑی سے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں طالبِ علم کو ریڑھ کی ہڈی میں اندرونی چوٹ لگی اور ٹیچر جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔
لاٹھی سے چوٹ لگنے کے نتیجے میں طالبِ علم کی حالت تشویشناک ہوگئی۔ سرگودھا پولیس کا کہنا ہے کہ کمسن طالبِ علم کو طبی امداد کیلئے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ واقعے کے ذمہ دار ٹیچر کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائی کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ایسے واقعات پیش آتے رہے ہیں جن میں اسکول اور مدرسوں میں اساتذہ کے تشدد سے طلبہ جاں بحق ہوئے، سرگودھا پولیس نے آج سے 2 روز قبل پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








