بالی ووڈ کی دھک دھک گرل مادھوری ڈکشٹ نے آئندہ آنے والی سیریز ’مسز دیش پانڈے‘ کیلئے خطرناک قاتل کا روپ دھار لیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق مادھوری کی ہاٹ اسٹار کی سیریز ’مسز دیش پانڈے‘ کا ٹیزر دیکھ کر اداکارہ کے مداحوں میں سنسنی پھیل گئی۔
مادھوری نے 30 سیکنڈ پر مششتمل ٹیزر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی اور ساتھ میں کیپشن لکھا ’قاتل مسکراہٹ سے قاتل کی مسکراہٹ تک‘۔
مداح اب بے صبری سے سیریز کے مکمل منظر اور مادھوری کے اس نازک مگر خطرناک کردار کے جلوے دیکھنے کے منتظر ہیں۔
ٹیزر میں مادھوری کو مدھم روشنی والے کچن میں سبزیاں کاٹتے ہوئے دکھایا گیا جہاں ان کی پرسکون لیکن بے چینی پیدا کرنے والی باریک بینی نمایاں ہے۔ ان کے تاثرات عام دلکشی سے ایک خوفناک سیریل کلر کے روپ میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔
سیریز فرانسیسی فلم (La Mante) کا ایڈاپٹیشن ہے جس کی ہدایت کاری ناگیش کوکونور نے کی ہے جبکہ اسے کوکونور موویز اور ایپلوز سوشل کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔
مادھوری ڈراما، سسپنس اور اپنی دلکش اسکرین موجودگی کو یکجا کرتے ہوئے ایک قاتلہ کا کردار نبھا رہی ہیں۔
اداکارہ کے مضبوط مرکزی کردار کے ساتھ کاسٹ میں سدھارتھ چندریکر، پریانشو چٹرجی، دکشا جونيجا، پردیپ ویلانکر اور نمیشا نائیر شامل ہیں۔
19 دسمبر 2025 سے ’مسز دیش پانڈے‘ سیریز صرف جیو ہاٹ اسٹار پر دستیاب ہوگی اور ممکنہ طور پر سال کی سب سے زیادہ زیرِ بحث نفسیاتی تھریلرز میں سے ایک ثابت ہو سکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








