دسمبر سے فیس بک اور انسٹاگرام پر کیا بدلنے والا ہے؟ حیران کن اعلان سامنے آ گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی فوٹو

ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ 4 دسمبر سے آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر تمام صارفین کو فیس بک، انسٹاگرام اور تھریڈز سے الگ کر دے گا۔

یہ فیصلہ اُس سخت قانون کے مطابق ہے جو آسٹریلوی حکومت 10 دسمبر سے نافذ کرنے جا رہی ہے، جس کے تحت کم عمر بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی مکمل طور پر ممنوع ہوگی، اور خلاف ورزی پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

اس قانون کے بعد فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک سمیت تمام پلیٹ فارمز کو لازمی طور پر نابالغ صارفین کے اکاؤنٹس بند کرنے کی ہدایات مل چکی ہیں۔

اسی دوران میٹا نے پاکستان میں بھی ایک اہم اقدام کا آغاز کیا ہے۔ پی ٹی اے اور تعلیمی پلیٹ فارم EYEYAH! کے ساتھ مل کر کمپنی نے ”کیا یہ اصلی ہے؟“ کے عنوان سے ایک آن لائن مہم شروع کی ہے، جس کا مقصد پاکستانی صارفین کو آن لائن دھوکے کے بڑھتے ہوئے طریقوں سے آگاہ کرنا ہے۔ یہ مہم ایشیا پیسیفک خطے میں چلائی جانے والی وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جو 15 سے زائد ممالک تک پھیلی ہوئی ہے۔

اس آگاہی مہم میں صارفین کو سات عام آن لائن فراڈ کے طریقوں سے روشناس کرایا جاتا ہے، جن میں جعلی رومانی تعلقات، آن لائن خریداری کے فراڈ، نقالی، سرمایہ کاری کی اسکیمیں، جعلی ملازمتیں، اکاؤنٹ ہیکنگ اور دھوکے پر مبنی پیغامات شامل ہیں۔ مواد کو گیمیفائیڈ انداز میں تیار کیا گیا ہے تاکہ لوگ کھیل کی طرح ان خطرات کی پہچان کرنا سیکھ سکیں۔

پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے اس اشتراک کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے قیام کے لیے پُرعزم ہے اور یہ مہم اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

میٹا کی ہیڈ آف پاکستان پبلک پالیسی، دانیا مختار کے مطابق کمپنی پاکستان میں اپنی آن لائن کمیونٹی کے تحفظ پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، تاہم دھوکے باز اپنے طریقے مسلسل تبدیل کرتے رہتے ہیں اور بیک وقت کئی پلیٹ فارمز کو نشانہ بناتے ہیں، جس کے خلاف کارروائی ایک مسلسل چیلنج ہے۔

Related Posts