بالی ووڈ نے ایکشن فلمز سے رومانوی فلموں کی طرف اپنا نیا سفر شروع کردیا، کارتک آریان کی نئی فلم کا ٹیزر ریلیز کردیا گیا ہے جس میں ہیروئن 90 کی دہائی کی محبت تلاش کرتی نظر آتی ہے۔کارتک آریان کی سالگرہ کے موقعے پر ریلیز کیے گئے ٹیزر کے متعلق سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق آننیا پانڈے اور کارتک آریان کی نئی فلم کا نام تو میری میں تیرا، میں تیرا تو میری کا ٹیزر دھرما پروڈکشنز نے اب سے چند گھنٹے قبل ریلیز کیا جسے مختصر وقت کے دوران لاکھوں افراد نے دیکھا اور ہزاروں نے پسند کرلیا ہے۔
فلم میں کارتک آریان کو ماماز بوائے کا کردار نبھاتے ہوئے دکھایا گیا جو یہ توقع رکھتا ہے کہ اسے ہر قسم کی لڑکی پسند کرے گی کیونکہ وہ “ہزبنڈ میٹرئیل” ہے، جبکہ آننیا پانڈے کو فیشن کوئین دکھایا گیا ہے لیکن وہ 90 کی دہائی والی محبت کی تلاش میں ہے۔
دلچسپ طور پر فلم کا ٹیزر کارتک آریان کی سالگرہ 22نومبر کے روز ریلیز کیا گیا ہے جبکہ ٹیزر سے پتہ چلتا ہے کہ فلم بینوں کو اچھے نظارے دکھانے کیلئے وسیع لوکیشنز کا انتخاب کیا گیا ہے اور فلم میں رومانس کے علاوہ کامیڈی کا تڑکا بھی لگایا گیا، جیسا کہ ٹیزر کے آخر میں ملاحظہ کیاجاسکتا ہے۔
ٹیزر کے آخر میں جس قسم کا لطیفہ سناکر ناظرین کو ہنسانے کی کوشش کی گئی ہے، اس سے پتہ چلتا ہے کہ فلم میں کسی نہ کسی حد تک بالغ کامیڈی بھی دیکھنے کو ملے گی جبکہ کارتک آریان کو رومانس، ایکشن اور کامیڈی سمیت ہر قسم کی فلموں میں بہترین اداکاری کرنے والا فنکار سمجھا جاتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








