8بچوں کے باپ 50 سالہ شخص کا14 سالہ کزن پر شادی کیلئے دباؤ، سیما نے خودسوزی کی دھمکی دیدی

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی:عمر رسیدہ آٹھ بچوں کے والد نے اپنی معصوم کزن سے شادی کی خواہش ظاہر کردی،ماں،والد اور معصوم بچی کے انکار کے بعد جھوٹے مقدمات پھنسا کر انتقامی کارروائی اور سیماکو زبردستی اغوا کرنے کی کوشش، لڑکی تحفظ کے لئے جھڈو سے کراچی پہنچ گئی۔

جھڈو سے عمر رسیدہ کزن سے جان بچا کر پناہ کے لئے کراچی آنیوالی چودہ سالہ سیما بنت اللہ جڑیو میرانی نے اپنے رشتے داروں محمد حسن اور علی حیدر کے ہمراہ عوامی پریس کلب ملیر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے عمر رسیدہ پچاس سالہ اور آٹھ بچوں کے والد کزن ربنواز میرانی پرالزام لگایا ہے کہ وہ مجھ سے زبردستی نکاح کرنے کے لئے ہراساں ،جھوٹے مقدمات اور اغواء کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

میرے والد اور میری ماں اور میں نے اس رشتے سے انکار کیا تو وہ ہماری زندگیوں کا دشمن بن گیا ہے ۔سیما نے پریس کانفرنس میں روتے ہوئے بتایا کہ وہ پڑھنا چاہتی ہے اور اس وقت آٹھویں کلاس کی طالبہ ہے اس عمر میں عمر رسیدہ جنونی شخص نے میری زندگی جہنم بنا دی ہے۔ میں اس وقت کراچی میں اپنے رشتے داروں کے پاس پناہ لے ہوئے ہوں۔

مزید پڑھیں:پیپلز میڈیکل یونیورسٹی کی طالبہ کا ڈائریکٹر غلام مصطفیٰ راجپوت پر ہراسانی کا الزام

انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ،انسانی حقوق،سیاسی وسماجی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ میرے عمرہ رسیدہ جنونی کزن کے ظلم و ستم سے بچائیں اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کرکے مجھے اپنی مرضی کی زندگی گذارنے کا حق دلائیں بصورت دیگر اپنے عمر رسیدہ کزن سے نکاح کے بجائے خودسوزی کر لوں گی۔

Related Posts