لاڑکانہ: بھینس کالونی بائی پاس پر افسوس ناک واقعہ پیش آیا، باراتیوں سے بھری ہوئی بس ٹریکٹر کو بچاتے ہوئے اُلٹ گئی، جس کے نتیجے میں 10افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ افسوس ناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 3خواتین، 2بچے اور 5مرد شامل ہیں۔ جبکہ 40افراد شدید زخمی ہیں۔
حادثے کا شکار ہونے والی بس کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو نکالا گیا، جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جس میں سے 20افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
لاڑکانہ کے قریب افسوسناک بس حادثے پر پی ٹی آئی کراچی کے سینئر نائب صدر محمود مولوی نے افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دلی افسوس ہوا۔
محمود مولوی نے کہا کہ حادثے میں زخمیوں کو مکمل طبعی سہولیات دی جائیں،انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری پر کنٹرول کرنے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے، ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔