اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے 10 اساتذہ دنیا کے ٹاپ 2 فیصد سائنسدانوں میں شامل! جانئے وہ کون ہیںوی

تازہ ترین

تازہ ترین

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، فائل فوٹو

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت صدرِ جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کی۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے ان دس ممتاز اساتذہ کو اعزازی اسناد دی گئیں جو سال 2024ء کے لیے دنیا کے بہترین 2 فیصد سائنسدانوں کی عالمی فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔ یہ عالمی درجہ بندی معروف امریکی ادارے اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر جان ایوانیڈس اور ان کی ٹیم ہر سال ستمبر میں جاری کرتے ہیں۔

یہ فہرست دنیا بھر کے مختلف علمی و تحقیقی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے دو لاکھ تیس ہزار سے زائد سائنسدانوں پر مشتمل ہوتی ہے، جن میں سے صرف دو فیصد محققین کو نمایاں کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا جاتا ہے۔ اسلامی یونیورسٹی کے جن اساتذہ کو یہ اعزاز حاصل ہوا ان میں پروفیسر ڈاکٹر رحمت الٰہی، ڈاکٹر طاہر محمود، پروفیسر ڈاکٹر احمد ذیشان، پروفیسر ڈاکٹر محمد ساجد، پروفیسر ڈاکٹر ناصر علی، پروفیسر ڈاکٹر شیخ ندیم احمد، پروفیسر ڈاکٹر طارق جاوید، پروفیسر ڈاکٹر شمائلہ سجاد، ڈاکٹر امبرین افسر اور ڈاکٹر بشریٰ ازیر شامل ہیں۔

صدر جامعہ ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے خطاب کے دوران تمام اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے کہ اسلامی یونیورسٹی کے محققین نے عالمی سطح پر اپنا لوہا منوایا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق اور تخلیقی فکر کسی بھی علمی ادارے کی پہچان ہوتی ہے، اور آج اسلامی یونیورسٹی عالمی تعلیمی نقشے پر نمایاں مقام حاصل کر رہی ہے۔

اس موقع پر وائس پریزیڈنٹ (ریسرچ اینڈ انٹرپرائز) پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر یہ کامیابی یونیورسٹی کی علمی ساکھ کو مزید مضبوط بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقی ماحول، سہولیات کی فراہمی اور بین الاقوامی روابط کا فروغ ادارے کی اولین ترجیح ہے۔

اعزاز یافتہ اساتذہ نے جامعہ کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ تحقیق، جدت اور علمی قیادت کے میدان میں اسلامی یونیورسٹی کے وژن کو مزید آگے بڑھائیں گے۔

Related Posts