مغربی لندن کے علاقے ساؤتھ ہال میں واقع ایک عمارت میں واقع بڑے گودام میں اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دو منزلہ اس عمارت میں گودام کے ساتھ متعدد دکانیں بھی موجود تھیں۔
آگ اتنی ہولناک تھی کہ عمارت کی چھت مکمل طور پر منہدم ہوگئی جبکہ تقریباً تین چوتھائی حصہ جل کر تباہ ہو گیا۔ فائر بریگیڈ کے مطابق گودام کے اندر پٹاخوں اور آتش بازی کا سامان موجود ہونے کا شبہ ہے جس کے باعث شعلوں نے غیر معمولی رفتار سے شدت اختیار کی۔
لندن فائر بریگیڈ نے واقعے کو بڑا حادثہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ 150 سے زائد فائر فائٹرز اور 25 فائر انجن آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کا عمل رات گئے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

حفاظتی اقدامات کے تحت قریبی تین اسکولوں اور ایک رہائشی بلاک کو خالی کروا لیا گیا ہے۔ واقعے سے متاثرہ سو سے زائد افراد کو قریبی ریسٹ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں مقامی کونسل ان کی مدد فراہم کر رہی ہے۔
فائر بریگیڈ کے مطابق اب تک کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی تاہم آگ پر مکمل قابو پانے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








