بنگلہ دیش کی آرمی نے وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کو اقتدار چھوڑنے کا الٹی میٹم دے دیا، جس کے بعد حسینہ واجد استعفا دے کر بھارت منتقل ہوگئیں۔
بنگلہ دیش میں طلبہ کا احتجاج خطرناک صورتحال اختیار کرنے کے بعد آرمی بھی اس معاملے میں کھل کر سامنے آگئی۔
پیر کی صبح حکومت کی جانب سے کرفیو نافذ کرنے کے بعد آرمی نے شیخ حسینہ واجد کو الٹی میٹم دے دیا کہ وہ جتنی جلد ہوسکے اقتدار چھوڑ دیں، جس کے بعد اطلاعات ہیں کہ شیخ حسینہ واجد استعفا دے کر بھارت کے شہر اگرتلہ پہنچ گئیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بنگلا دیشی فوج نے وزیر اعظم حسینہ واجد کو مستعفی ہونے کے لیے 45 منٹ کی ڈیڈ لائن دی تھی۔
خبر ایجنسی کے مطابق اس وقت بنگلادیشی آرمی چیف سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کر رہے ہیں، آرمی چیف جنرل وقار الزمان کی اس وقت بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) سمیت بڑی سیاسی جماعتوں سے بات چیت جاری ہے۔
شیخ حسینہ واجد 19 سال سے بر سر اقتدار دنیا کی طویل عرصے تک وزیر اعظم رہنے والی خاتون سیاستدان ہیں۔ اتوار کو مظاہروں میں شدت کے بعد بنگلا دیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزمان نے اپنے بیان میں کھل کر بتا دیا تھا کہ وہ بنگلا دیش کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








