کراچی:صوبہ سندھ کے کپاس پیدا کرنے والے زریں علاقوں میں کپاس کی نئی فصل برائے 22-2021 کی پھٹی کی جزوی آمد شروع ہوگئی ہے۔
سندھ کے علاقہ بدین، گھارو وغیرہ کی پھٹی کے سودے ریکارڈ کئے گئے ہیں تاحال پھٹی کی تقریبا 8 گاڑیوں کے سودے ہوچکے ہیں جو پنجاب کی جننگ فیکٹریوں نے فی 40 کلو 5300 اور 5500 روپے کے بھا ؤپر خریدی ہے۔
علاوہ ازیں بورے والا کی ایک جننگ فیکٹری نے 10 تا 20 جون کی ڈلیوری کی شرط پر روئی کی 200 گانٹھیں فی من 12500 کے بھاؤ پر فروخت کئے۔
ذرائع کے مطابق جون کے پہلے ہفتہ میں سندھ کے ضلع سانگھڑ کی 2 جننگ فیکٹریاں بھی جزوی طور پر شروع ہو جائے گی۔فیڈرل ایگری کلچرل کمیٹی نے 22-2021 کی سیزن کیلئے کپاس کا پیداواری تخمینہ ایک کروڑ 5 لاکھ گانٹھوں کا مقرر کیا ہے۔
کراچی کاٹن بروکرز فور کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ صوبہ سندھ اور پنجاب کے کپاس پیدا کرنے والے علاقوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق فی الحال کپاس کی بوائی تسلی بخش ہورہی ہے۔