انڈیا سے ہزاروں بوہریوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

فائل فوٹو

داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے اجتماع میں شرکت کے لیے انڈیا سے بوہرہ کمیونٹی کے ہزاروں افراد کی آمد کا سلسلہ گزشتہ کئی روز سے جاری ہے، پاکستان نے بوہرہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 16 ہزار کے قریب بھارتیوں کو ویزے جاری کیے ہیں۔

داؤدی بوہرہ کمیونٹی کا اجتماع 7 جولائی سے کراچی میں شروع ہوچکا ہے۔ اجتماع میں شرکت کے لیے بھارت سے بوہرہ کمیونٹی کے لوگوں کی واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آمد کا سلسلہ چند روز قبل شروع ہوا تھا جو اتوار کے روز بھی جاری رہا۔ امیگریشن اورکسٹم کلیئرنس کے لیے واہگہ بارڈر پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

موقر معاصر ایکسپریس کے مطابق بوہرہ کمیونٹی کے افراد کو واہگہ بارڈر سے خصوصی  بسوں کے ذریعے کراچی روانہ کیا گیا۔ پاکستان آنے والے افراد میں نوجوان مرد وخواتین سمیت بزرگ اور بچے بھی شامل ہیں۔

بھارت کی بوہرہ کمیونٹی کے افراد کے لیے واہگہ بارڈر پر اسپیشل میڈیکل کیمپ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ بھارتی مہمانوں کو اسپیشل سیکورٹی کے ساتھ کراچی روانہ کیا گیا۔ واہگہ امیگریشن ذرائع کے مطابق روزانہ چارسے پانچ ہزار افراد کا پراسیس مکمل کیا گیا۔

داؤدی بوہرہ کمیونٹی کا اجتماع 16 جولائی تک کراچی میں جاری  رہے گا۔ اجتماع میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے 39 ہزار کے قریب بوہرہ کمیونٹی کے لوگ پاکستان پہنچے ہیں جو پاکستان میں مذہبی سیاحت کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی ہے۔

Related Posts