مرکزی بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک سیاحتی کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ 30 اپریل کو دریائے نرمدا میں واقع برگئی ڈیم کے قریب پیش آیا جہاں سیاحوں کو لے جانے والی کروز بوٹ اچانک حادثے کا شکار ہو گئی۔
جبل پور سے سامنے آنے والا ایک دل دہلا دینے والا منظر نرمدا دریا میں کروز کشتی کے المناک حادثے کے بعد ہر آنکھ کو اشکبار کر رہا ہے۔ اس حادثے میں کم از کم 9 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ خوشگوار سیاحت کا یہ سفر چند لمحوں میں خوفناک سانحے میں بدل گیا۔
حادثے کے دوران جب کشتی، جس میں تقریباً 30 افراد سوار تھے اچانک الٹ گئی تو ہر طرف چیخ و پکار اور بھگدڑ مچ گئی۔ اسی افراتفری کے بیچ ایک ماں کی اپنے بچے کے لیے محبت اور تحفظ کا ایسا منظر سامنے آیا جو دلوں کو چیر کر رکھ دیتا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ماں نے آخری لمحوں تک اپنے بچے کو سینے سے مضبوطی سے لگائے رکھا جیسے وہ ہر قیمت پر اسے بچانا چاہتی ہو بعد ازاں ریسکیو ٹیموں نے دریا سے ماں اور بچے کی لاشیں برآمد کیں جہاں بچہ اب بھی اپنی ماں کی آغوش میں تھا۔
A fresh #viralvideo from just moments before the accident has surfaced, showing a #cruise rapidly taking in water before sinking in #Jabalpur. pic.twitter.com/rWWzS7W56H
— News9 (@News9Tweets) May 2, 2026
یہ منظر صرف ایک حادثہ نہیں بلکہ ماں کی لازوال محبت اور قربانی کی ایسی داستان بن گیا ہے جو ہر سننے والے کے دل کو ہلا دیتی ہے۔ یہ سانحہ نہ صرف قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بنا بلکہ انسانی جذبات اور رشتوں کی گہرائی کو بھی ایک بار پھر سامنے لے آیا۔
حکام کے مطابق کشتی میں سوار افراد سیاحتی سفر پر تھے، تاہم حادثے کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاش اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ مزید لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں کیونکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








