عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کرنے والی پاکستانی فلم جوائے لینڈ تقریباً دو سال قبل پنجاب کے سنیما گھروں میں پابندی کے بعد اب پہلی بار لاہور میں نمائش کے لیے تیار ہے۔ یہ پروگرام روایتی سنیما ہال کے بجائے ایک متبادل مقام پر منعقد ہوگا جو شائقین کے لیے ایک منفرد تجربہ ہوگا۔
اس اسکریننگ کا اعلان نور العین چوہدری نے کیا، جو اپنے انسٹاگرام پروفائل کے مطابق لاہور اور کراچی میں میکس ٹیپ ایونٹس کا اہتمام کرتی ہیں۔ وہ اولوموپولو میڈیا، لاہور کے ایک ایونٹ اسپیس اور ٹکٹنگ پلیٹ فارم ٹکٹ والا کے اشتراک سے اس پروگرام کو 17 اگست کو پیش کر رہی ہیں۔
جوائے لینڈ جو 2022 میں ریلیز ہونے والی ایک پاکستانی ڈراما فلم ہے، صائم صادق کی تحریر و ہدایت کاری میں بنائی گئی ہے۔ اس فلم میں علی جونیجو، راستی فاروق، علینہ خان، ثروت گیلانی، اور سلمان پیرزادہ نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
فلم کی کہانی لاہور کے گنجان علاقوں میں رہنے والے ایک کم آمدنی والے خاندان کے گرد گھومتی ہے۔ خاندان کے سربراہ (پیرزادہ) اپنے پوتے کی پیدائش کے خواب دیکھتے ہیں اور اپنی بہو ممتاز (فاروق) کو نوکری چھوڑنے پر مجبور کرتے ہیں جب ان کا سب سے چھوٹا بیٹا حیدر (جونیجو) ایک ایروٹک ڈانس تھیٹر میں ملازمت حاصل کرتا ہے تاہم،حالات اس وقت پیچیدہ ہو جاتے ہیں جب حیدر ایک ہجڑا ڈانسر بیبا (خان) کی طرف مائل ہو جاتا ہے۔
یہ فلم اپنے منفرد موضوع اور گہری کہانی کی وجہ سے عالمی سطح پر سراہی گئی۔ جوائے لینڈ نے 23 مئی 2022 کو کانز فلم فیسٹیول میں اپنا عالمی پریمیئر کیا اور یہ پہلی پاکستانی فلم تھی جسے اس فیسٹیول میں پیش کیا گیا۔ فلم نے ان سرٹین ریگارڈ سیکشن میں حصہ لیا اور کیمرا ڈی اور ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئی۔ اس نے نہ صرف جیوری پرائز جیتا بلکہ بہترین ایل جی بی ٹی کیو تھیم والی فلم کے لیے کویئر پام ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








