نوجوان کھلاڑیوں کے مستقبل کے نگراں! پی سی بی نے سرفراز احمد کو بڑی ذمہ داری سونپ دی

تازہ ترین

تازہ ترین

(ٖفوٹو؛ جیو سوپر)

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو پاکستان انڈر19 اور پاکستان شاہینز ٹیموں کا انچارج مقرر کر دیا گیا ہے۔ اب وہ دونوں ٹیموں کے انتظامی اور کوچنگ معاملات دیکھیں گے۔

ذرائع کے مطابق سرفراز احمد ان ٹیموں کے کوچز، ٹریننگ سیشنز اور بین الاقوامی یا ملکی دوروں کی نگرانی بھی کریں گے۔ وہ ٹیموں کے ہمراہ دوروں میں بھی جا سکیں گے اور پاکستان میں ہونے والی تربیتی سیشنز اور سیریز میں بھی ٹیموں کے ساتھ رہیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی یہ ذمہ داری سرفراز احمد کو دی گئی ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور ٹیموں کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

سرفراز احمد کون ہیں؟

کراچی سے تعلق رکھنے والے سرفراز احمد 22 مئی 1987 کو پیدا ہوئے۔سرفراز نے 2007 میں ڈیبیو کیا، انہوں نے اپنے کیرئیر میں 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے، 61 ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ۔سرفراز احمد نے تمام فارمیٹس میں 6 ہزار 164 رنز بنائے جس میں 6 سنچریاں اور 32 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

سرفراز کو بھارت میں 2016 کے آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے بعد پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کپتان نامزد کیا گیا تھا جبکہ اظہر علی کے مستعفی ہونے کے بعد انھیں 9 فروری 2017 کو پاکستان کا ون ڈے کپتان نامزد کیا گیا تھا۔

انھوں نے مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی ٹیم کے لیے ٹیسٹ کپتانی کی ذمہ داری سنبھالی اور یوں وہ ایسا کرنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے 32ویں ٹیسٹ کپتان بن گئے۔

ان کی کپتانی میں پاکستان نے جون 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتی۔ 18 جون 2017 کو پاکستان نے 2017ء آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو 180رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پہلی مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

مارچ 2018ء میں یوم پاکستان پر، سرفراز ستارہ امتیاز سے نوازے جانے والے سب سے کم عمر کرکٹ کھلاڑی بن گئے۔ اگست 2018 میں، وہ ان تینتیس کھلاڑیوں میں سے ایک تھے جنھیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2018-19 کے سیزن کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ سے نوازا تھا۔

جنوری 2019 میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں اس نے اپنا 100 واں ون ڈے میچ کھیلا۔ بعد ازاں اسی سیریز میں جنوبی افریقی اینڈائل فیہلوکوایو کے بارے میں نسل پرستانہ تبصرہ کرنے کے اعتراف کے بعد ان پر چار میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی۔

Related Posts